Google

ن لیگ سمیت تمام جماعتیں شیخ رشید کے مقابلہ میں دستبردار ہو جائیں: چودھری شجاعت حسین

٭۔ ۔ ۔ سیاست میں گولی نہیں چاہئے ، جوڈیشل کمیشن کی شفاف انکوائری سے حقائق سامنے آئیں گے
٭۔ ۔ ۔ عوام کی نظروں میں ناکام رہنے والے الیکشن نہیں چاہتے: ہنگامی پریس کانفرنس

لاہور‘ پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 کے ضمنی انتخابات میں سیاست میں گولی کی نئی روایت کو ختم کرنے کیلئے وہ شیخ رشید کے مقابلہ میں اپنے امیدوار دستبردار کر لیں اور اگر ن لیگ ایسا نہ کرے تو دیگر جماعتیں متحد ہو کراس کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کی شفاف انکوائری سپریم کورٹ کے جج سے کروانے کا مطالبہ کیا تاکہ اصل حقائق اور اس کی وجوہات سامنے آ سکیںکیونکہ اس گھناؤنی کارروائی سے صرف ن لیگ کو فائدہ پہنچ سکتا تھا جو الیکشن نہیں چاہتی ۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری ظہیر الدین، پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا، میاں منیر، محمد نصیر خان اور ڈاکٹر خالد رانجھا بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ شیخ رشید پر قاتلانہ حملہ کروانے والے اب بے مقصد جواز پیش کر رہے ہیں۔ ڈیڑھ سال سے کوشش کی جارہی ہے کہ پنجاب میں الیکشن نہ ہوں اور اب مانسہرہ اور سوات کے بعد انہیں راولپنڈی اور لاہور میں بھی اپنی شکست نظر آرہی ہے اس لئے شیخ رشید کو راستہ سے ہٹانے کی یہ گھناؤنی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم سوال ہے کہ اتنے بڑے واقعہ کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر کیوں نہ پہنچی اور خاموش تماشائی بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ بھی قومی فضا کو درست رکھنا چاہتی ہے تو اپنا امیدوار دستبردار کرے تاکہ ثابت ہو کہ اسے بھی صرف الیکشن نہیں ملک کا استحکام عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قائدین ایسے غیرجمہوری اور جابرانہ رویوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور سب مل کر مقابلہ کریں تاکہ آئندہ ایسے جابرانہ اور ظالمانہ اقدامات سے بچا جا سکے اس سلسلہ میں اگر کسی قربانی کیلئے پہل کی ضرورت ہوئی تو ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ایسے لگتا ہے کہ ن لیگ سوات اور مانسہرہ کے الیکشن سے گھبرا کر اپنے سابقہ موقف پر واپس آنا چاہتی ہے کہ پنجاب میں الیکشن کیلئے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس عوامی مسائل، مہنگائی، بے روز گاری، لوڈشیڈنگ جیسے گھمبیرمسائل کا حل موجود نہیں اور وہ عوام کی نظروں میں ناکام ہو چکی ہے۔ لاہور میں ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید جیسے رہنما سے ایسا سلوک ہو سکتا ہے تو یہاں ہمارے امیدوار سے کیا سلوک ہو گا؟ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو فراہم کی گئی سکیورٹی کا تو یہ حال تھا کہ ’’جاگدے رہنا ساڈے تے نہ رہنا‘‘۔

Comments are closed.